کپتان اظہر علی کی قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل

March 21, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔

کورونا وائرس کی آگاہی کے لیے جہاں وفاقی و صوبائی حکومتیں احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہہ رہی ہیں، وہیں کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی پیغامات دے رہے ہیں۔

ایسے میں ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی قوم کو اپنا پیغام دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کپتان اظہر علی نے کہا کہ لوگ اب بھی کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔

ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں، اپنا اور اپنی فیملی کا خیال رکھیں۔

‏اظہر علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر ضروری میل جول کم کر دیں، بات چیت میں سماجی فاصلے رکھیں۔

‏کپتان نے کہا کہ ہم نے ہی اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں، روزانہ کمانے والوں کے لیے ہم سب کو مل کر آگے آنا ہو گا۔