پانی کے کم ہوتے ذخائر محفوظ بنانا قومی ذمے داری ہے: عثمان بزدار

March 22, 2020

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطنِ عزیز کو ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔

ایک بیان میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت آنے والی نسلوں کے لیے نئے آبی ذخائر بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں پانی کو بچانے کے لیے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ڈیمز بننے سے ہزاروں ایکڑ اراضی کو بنجر ہونے سے بچایا جا سکے گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا ہے کہ ڈیمز اور آبی ذخائر بننے سے زیرِ زمین پانی کا لیول بھی بلند ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے ڈیم اور آبی ذخائر بنا کر پینے کے پانی کی ضروریات پوری کریں گے، صوبے میں چھوٹے آبی ذخائر کے پراجیکٹ جلد مکمل ہوں گے۔