سینیٹر عثمان خان کاکڑ کاایڈیٹر ان چیف جنگ جیو گروپ کی رہائی کا مطالبہ

March 26, 2020

اسلام آباد (صالح ظافر) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی گروپ رہنما سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی گروپ رہنماؤں کی کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے نیب کے غیر قانونی اقدامات کو چیک کرنے پر بھی زور دیا۔کانفرنس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واک آؤٹ کیا ۔ جب کہ ن لیگ سینیٹر مشاہد اللہ خان حکومت پر زور دیا کہ وہ میڈیا آزادی کا احترام کرے۔ سینیٹر شیری رحمٰن نے جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پر سخت تنقید کی کیوں کہ انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت سندھ کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔