کورونا وائرس،شہر کی مین شاہراہوں پر کلورین اسپرے مہم کا آغاز

March 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے شعبہ فائر بریگیڈ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر شہر کی مین شاہراہوں پر کلورین اسپرے مہم شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے حیدرچوک اور لبرٹی مارکیٹ پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے کلورین اسپرے کر کے مہم کا آغاز کیا۔ جبکہ فائر بریگیڈ کی جانب سے آج دوسرے دن بھی مین شاہراہوں پر کلورین اسپرے کا کام جاری رہا اور سٹی کے علاقے فقیر کا پڑ چوک تا آفندی پیٹرول پمپ،گؤشالہ گیٹ،فیضان مدینہ چوک، تالاب نمبر 3،ٹنڈو یوسف روڈ،پھلیلی پل،نذیر حسین چلڈرن اسپتال،تانگہ اسٹینڈ چوک تا مرزا پاڑہ تک میر پور خاص روڈ پر اور لطیف آباد نذیر حسین فلائی اوور،جامعہ کلاتھ مارکیٹ مجاہد ہوٹل،اللہ والی مسجد تا خدا حافظ بورڈ پر فائر ٹینڈر کے ذریعے کلورین اسپرے کیا گیا،جس کی نگرانی مختلف علاقوں میں یوسی چیئرمینز نے کی،اسکے علاوہ بلدیہ کے شعبہ ملیریا کی جانب سے بھی مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمے کے سلسلے میں شہر و لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں شیڈول کے تحت اسپرے کیا جارہا ہے۔