کورونا وائرس، گھر گھرجاکر میٹرریڈنگ کا کام عارضی طور پرمعطل

March 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدعبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ حیسکو میں کورونا وائرس کے باعث گھر گھر جاکر میٹر ریڈنگ کا کام عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے، صارفین کو بجلی کے بلز گذشتہ ماہ کے تناسب سے ایوریج بلز پر جاری کئے جائیں گے،ملازمین سے صرف اور صرف ہنگامی /ایمرجنسی کیلئے کام لیا جائے گا، روز مرہ کے کام زیر التواءرہیں گے، جی ایس او کے افسران کا ملازمین کے ساتھ امتیازی اور غیر انسانی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا، وہ موجودہ حالات کے تناظر کے مطابق ملازمین سے ایمرجنسی خدمات لینے کے مجاز ہیں بصورت دیگر کسی نقصان کی صورت میں افسران اعلیٰ انتظامیہ کی حکم عدولی کے ذمہ دار ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ہال میں عالمی وبا کورونا وائرس اور ملازمین کے مسائل کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے شرکاءحفاظتی اقدامات کے مطابق ماسک، دستانے پہن کر فاصلے سے بیٹھے۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ روز سی بی اے یونین نے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن سے کورونا وائرس اور ملازمین کے حوالے سے ملاقات کی جس میں فوری طور یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملازمین صرف اور صرف ایمرجنسی / ہنگامی بنیادوں پر ضروری کام سرانجام دینگے اور دیگر روز مرہ کے کام عارضی طور پر زیر التواءرہیں گے۔