کورونا ٹیسٹ لازمی ،جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں میں کمی

March 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جیلوں میں نئے قیدیوں کے لئے کورونا ٹیسٹ لازمی قراردیئے جانے کے باعث حیدرآبادسمیت سندھ بھرمیں جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں میں کمی آگئی،گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صرف 24 قیدیوں کو کورونا اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد سینٹرل جیل حیدرآباد لایاگیا، جبکہ عام دنوں میں جیل میںلائے جانے والے نئے قیدیوں کی یومیہ تعداد 20کے لگ بھگتھی، ذرائع کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیداہونے والے حالات،مسلسل کئی روزسےجاری لاک ڈاؤن کے دوران نئے قیدیوں کو جیل بھیجنے کے لئے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کی شرط کے باعث گرفتاریوں میں کمی آئی ہے، واضح رہے کہ جیل انتظامیہ نے 20مارچ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت پابندی عائد کی تھی کہ سندھ کی کسی بھی جیل میں نئے قیدی کو بغیر کورونا اسکریننگ ٹیسٹ کے نہیں لیاجائے گا۔ جس کے بعد جمعرات تک ضلع حیدرآباد پولیس نے صرف 18ملزمان کو گرفتارکرکے کورونا ٹیسٹ کے بعد سینٹرل جیل بھیجا ہے ۔ضلع سجاول سے 3اور ضلع جامشورو سے 3قیدی سینٹرل جیل کورونا ٹیسٹ رپورٹ کے ساتھ بھیجے گئے ہیں۔