ایچ ڈی پی کی جانب سے مختلف علاقوں میں آگہی مہم جاری

March 27, 2020

کوئٹہ(آن لائن) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے عوام کی جانب سے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر لائق تحسین ہیں، مشکل کی اس گھڑی اور بحرانی کیفیت میں ہم باشعور اور مہذب معاشرہ اور قوم بن کر ہی درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو سکتے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی جانب سے عوامی آگہی مہم زور و شور سے جاری ہے، ہزارہ ٹاؤن کی طرح گزشتہ روز علمدار روڈ کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مرزا حسین ہزارہ کی سربراہی میں قائدین اور کارکنوں نے ڈپارٹمنٹل سٹورز ‘ گروسری اسٹورز ‘ اشیائے خوردونوش کی دکانوں اور تندوروں میں جا کر دکانداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں گرانفروشی سے گریز کریں، بیان میں کہا گیا کہ حکومت بلوچستان کورونا وائرس سے متعلق بنائی گئی کور کمیٹی اور ایپکس کمیٹی کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور چین سے طبی آلات کی خریداری سے صورتحال میں بہتری آئے گی ،بیان میں کہا گیا کہ ہزارہ ٹاؤن اور علمدار روڈ سے متعلق لاک ڈاؤن کے حکومتی ایپکس کمیٹی کے فیصلے پر تشویش اور خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، ہزارہ بحیثیت ذمہ دار قوم کئی ہفتوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئےسیلف آئیسولیشن اختیار کر چکی ہے کورونا وائرس اور زائرین کی آڑ لیکر اس مسئلہ کو محض ہزارہ قوم سے جوڑنا ایک مخصوص قوم کے خلاف تعصب اور نفرت کا تاثر دینا کسی طوردانشمندی نہیں، اس حوالے سے حکومتی شخصیات سمیت سوشل میڈیا پر لاحاصل پروپیگنڈہ کرنے والوں کو اپنے الفاظ اور جملوں میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، ایسی صورتحال میں ہمیں قومی و مسلکی اختلافی تاثر پھیلانے کی بجائے اجتماعی سماجی یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔