برطانیہ میں کورونا سے مزید 115 افراد ہلاک

March 27, 2020

برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 115 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد مجموعی تعداد 578 ہو گئی جبکہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 11 ہزار سے زائد ہو گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں جان بوجھ کر کھانسنا بھی جرم قرار دیدیا گیا، خود کو کورونا کا مریض ظاہر کر کے طبی عملے پر کھانسنے والے کو دو سال قید ہوگی۔

عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے پولیس کو نئے اختیارات مل گئے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے پر 60 پاؤنڈ جرمانہ ہوسکے گا۔ ہر مرتبہ جرمانہ دوگنا بڑھتا جائے گا۔ اپنا کام کرنے والے محنت کش افراد کے لیے گرانٹ اسکیم کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

چانسلر رشی سونک نے کہا کہ اپنا کام کرنے والے کی ماہانہ تنخواہ کا 80 فیصد حکومت ادا کرے گی۔ ایسے ورکرز پر ڈھائی ہزار پونڈ کی حد لاگو ہوگی۔