پانچ برآمدی صنعتوں کیلئے 7.5 سینٹ فی یونٹ بجلی ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری

March 28, 2020

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاور ڈویژن نے پانچ برآمدی صنعتوں کیلئے 7.5 سینٹ فی یونٹ بجلی ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کا اطلاق یکم جنوری،2019 سے 30جون، 2020 تک ہوگا، یہ فیصلہ ای سی سی اجلاس میں ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق، پاور ڈویژن نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ایک سی سی) کے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق پانچ برآمدی صنعتی شعبوں کو یکم جنوری، 2019 سے 30 جون، 2020 تک 7.5 سینٹ فی یونٹ کا بجلی ٹیرف فراہم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ 11 مارچ، 2020 کو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں کیا گیا تھا۔ پاور ڈویژن کے نوٹیفکیشن کی نقل دی نیوز کے پاس موجود ہے۔ دریں اثناء اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز نے جمعے کے روز اپنے بیان میں وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالزاق داؤد اور سیکرٹری کامرس اور ٹیکسٹائل سردار احمد نواز سکھیرا کی برآمدی صنعت کے مسائل حل کرنے کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے آر ایل این جی گیس 6.5 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو اور بجلی کی قیمت 7.5 سینٹ فی یونٹ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ گوہر اعجاز نے حکومت کی جانب سے اضافی 100 ارب روپے ریفنڈز کا اعلان کروانے پر بھی ان کو سراہا۔