ویڈیو کالنگ ایپ ’’زوم‘‘ کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا فیس بک کو فراہم کرنے کا انکشاف

March 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس پھیلنے کے بعد تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ویڈیو کالنگ ایپ ’’زوُم‘‘ کا استعمال بڑھ گیا ہے اور اب اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ سافٹ ویئر خفیہ طور پر صارفین کا ڈیٹا ایپل کے آپریٹنگ سسٹم (آئی او ایس) کے ذریعے فیس بک کو فراہم کر رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر وہ صارف جو زُوم استعمال کر رہا ہے اس کا ایپ استعمال کرنے کا وقت، موبائل فون کمپنی، استعمال ہونے والی ڈیوائس، لوکیشن اور دوسرا متعلقہ ڈیٹا فیس بُک کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد زوم پر ویڈیو کانفرنسنگ کا دبائو بڑھ گیا ہے کیونکہ لوگ گھروں میں بیٹھ کر نہ صرف تعلیمی اداروں کی آن لائن کلاسیں لے رہے ہیں بلکہ گھر سے بیٹھ کر دفتر کا کام کرنے والے افراد بھی اپنے ہیڈ آفس کے ساتھ اسی ایپ کے ذریعے رابطے میں ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زوم کی جانب سے فیس بک کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ویڈیو کالنگ ایپ سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم استعمال کر رہی ہے جسے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کٹ یعنی ایس ڈی کے کہا جاتا ہے۔ اس کا نتیجہ یوں نکلتا ہے کہ زوم کے پاس فیس بک کی گراف اے پی آئیز تک رسائی ہے جو زوم کو نیٹ ورک کے وسیع ترین ڈیٹا سیٹ کے ساتھ جوڑ دیتا ہے۔