اسٹیٹ بینک کا فارن ایکسچینج پالیسی میں مزید نرمی کا اعلان

March 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے کاروبار میں آسانی کے لیے ضوابطی منظوری کے نظام کو نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔جمعہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسچینج پالیسی ڈپارٹمنٹ (EPD) ، ایس بی پی اور فارن ایکسچینج آپریشنز ڈپارٹمنٹ (FEOD) ، ایس بی پی بی ایس سی کے بالترتیب زر مبادلہ پالیسی اور آپریشنز سے متعلق کیسوں کو جمع کروانے کے لیے ضوابطی منظوری کا نظام (Regulatory Approval System) یا آر اےایس نافذ کیا ہے۔ آر اے ایس، جو 24 مارچ 2020ء سے آپریشنل ہوچکا ہے، بینکوں کو کیس جمع کروانے اور ضوابطی فیصلے وصول کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک ؍ایس بی پی بی ایس سی سے رابطے کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے ۔ اس نظام کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ہے اور اس کی ایک اہم خاصیت یہ ہے کہ یہ کاروباری صارفین کو بینکوں کے ذریعے آنے والی ان کی درخواست کے بارے میں اس دن سے اپ ڈیٹ رکھتا ہے جب وہ اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئی تھی۔ کیس جمع کروانے کے بعد اس کی تکمیل تک صارفین بینک کے فراہم کردہ ای میل ایڈریس پر سسٹم سے جنریٹ ہونے والی ای میل کے ذریعے اپ ڈیٹ کی ای میل موصول کریں گے۔ صارفین خود بھی کسی بھی وقت اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر اپنے کیسز کی اپ ڈیٹڈ صورت حال جان سکیں گے۔ اسٹیٹ بینک کا ضوابطی منظوری کا نظام استعمال کرتے ہوئے بینک فارن ایکسچینج آپریشنز سے متعلق کیسز فارن ایکسچینج آپریشنز ڈپارٹمنٹ (ایف ای او ڈی) کو الیکٹرانک طریقے سے جمع کرواسکیں گے۔مجاز ڈیلرز کی جانب سے ایف ای او ڈی کو کاغذ پر مبنی کیس جمع کروانے کا طریقہ فوری طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ، ایکسچینج پالیسی ڈپارٹمنٹ (ای پی ڈی)سے متعلق فارن ایکسچینج پالیسی سے متعلق کیسز بھی آر ایس اےکے ذریعہ الیکٹرانک طریقے سے جمع کروائے جائیں گے۔ تاہم ای پی ڈی کے لیے ، الیکٹرانک طریقے سے جمع کرنے کے علاوہ ، مزید ہدایات آنے تک ، سرفیس میل کے ذریعہ کیسوں کا دستی طور پر جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔