پوری پاکستانی قوم کو اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کر نی چاہیے،عبدالخبیر آزاد

March 28, 2020

لاہور(وقائع نگار خصوصی) بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب اورمجلس علماءپاکستان کے مرکزی چیئر مین مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نجات کیلئے پوری پاکستانی قوم کو اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کرنا چاہیے کیونکہ توبہ و استغفار کرنے سے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے دروازے کھلتے ہیں،اور ہر طرح کی آفات وبلیات سے نجات حاصل ہوتی ہے، اس وقت پوری پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کو چاہئے کہ فوری طور پر رجوع الی اللہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کیلئے قیامت تک توبہ کا دروازہ کھلا رکھا ہوا ہے۔،اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے، پوری پاکستانی قوم ایک دوسرے پر ظلم و ستم کرنے سے توبہ کرے۔