مختلف شہروں میں بارش، 4 افراد جاں بحق

March 28, 2020


ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کےباعث خیبر پختونخوا میں متعدد مقامات پر مکان کی چھت گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بھی موسم ابر آلود ہے، تاہم سورج کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔

آزاد کشمیر میں مظفر آباد سمیت متعدد مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے جبکہ وادی لیپا میں2 دن سے مسلسل بارش اور برف باری سے وادی کا زمینی رابطہ دارالحکومت مظفر آباد سے کٹ گیا ہے ۔

برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے موجی شیر گلی روڈ ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ، جبکہ سبزی کی فصل بھی متاثر ہوئی ہے۔

دیر بالا ، باجوڑ میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر ایک بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور3زخمی ہوگئے ۔ لوئر دیرمیں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب گھرکی چھت گرنے سے2 بچیاں موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔