سینئر صحافیوں نے وزیرِ اعظم کے سامنے میڈیا ورکرز کے مسائل رکھ دیئے

March 29, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں کی گفتگو

پاکستانی صحافی اور میڈیا ورکرز بھی ملک میں جاری بحران سے بے حد متاثر ہوئے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں نے گزشتہ دنوں ملاقات کے دوران میڈیا، صحافیوں اور میڈیا ورکز کو درپیش مسائل پر گفتگو کی، اس موقع پر سینئر صحافیوں نے وزیرِ اعظم سے کچھ گلے شکوے بھی کیے۔

سینئر صحافی و کالم نگار مظہر برلاس نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ آپ اخبارات کے پیسے جاری کروا دیں تاکہ جو اخبارات کے چھوٹے کارکن ہیں ان کے گھروں میں چولھے جل سکیں۔

سینئر صحافی رؤف کلاسرا نے وزیرِ اعظم عمران خان سے شکایت کی کہ گزشتہ دو ماہ میں کورونا کے حوالے سے کوئی تیاری نظر نہیں آئی بلکہ آپ میڈیا سے ناراض تھے اور میڈیا کے خلاف قوانین بناتے رہے، آپ کی کابینہ کے ہر ایجنڈے میں یہی رہا، میڈیا کو ٹائٹ کرنے کے لیے قوانین بنائے گئے، اس کے بعد میر شکیل الرحمٰن صاحب کے حوالے سے آپ کے ذہن میں تھا کہ انہیں گرفتار کرنا ہےاور انہیں گرفتار کر لیا گیا، زلفی بخاری صاحب کے حوالے سے آپ کی حکومت نے ڈاکٹر دانش کا پروگرام بھی بند کر وایا ہے، آپ کی سیاست دانوں سے لڑائی تو بنتی ہے مگر آپ کی میڈیا سے بھی لڑائی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’گرفتاری کے سوال پر وزیرِ اعظم کی ناراضی افسوسناک ہے‘

سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے وزیرِ اعظم سے شکوہ کیا کہ میڈیا کی بات نہیں کرنی تو فائدہ ہی کوئی نہیں، میر شکیل الرحمٰن کو بھی رہنے دیں، پیمرا کی بھی بات نہیں کرتے، پیمرا جو کر رہا ہے اسے کرنے دیں۔

سینئر صحافی و اینکر عمران خان نے کہا کہ کیمرہ مین اور دیگر میڈیا ورکرز کا پیغام آپ تک لائے ہیں کہ ان کے مسائل بھی آپ حل کریں۔