آ ن لائن ایجوکیشن کو مستقل نصاب کا حصہ بنانا ضروری ہوگیا،پروفیسرعارف زبیر

March 30, 2020

کراچی(جنگ نیوز) وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا ہےکہ موجودہ عالمی بحران اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ دنیا بھر میں تعلیم و تحقیق کو اولین ترجیح دی جائے، کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں طب اور معیشت کے ساتھ سماجی علوم ،قوانین اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے مسائل سامنے آئے ہیں، ریاستوں، عالمی اداروں اور عوام کے درمیان تعلقات میں نئے زاویے متعارف ہوچکے ہیں، اعلیٰ تعلیم میں آ ن لائن ایجوکیشن کو مستقل طور پر نصاب کا حصہ بنایا جانا ضروری ہوگیا ہے، اردو یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل میں اس بابت ایک نکاتی اجلاس طلب کر کے حکمت عملی وضع کریں گے،ڈاکٹر عارف زبیر نے وزیر اعظم عمران خان کے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس بنانے کے فیصلہ کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران سے نبرد آزما ہونے کی جانب درست اقدام قرار دیا اور ملک بھر کے نوجوانوں اور اردو یونیورسٹی کے اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ سے کہا کہ وہ اس ٹائیگر فورس میں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جامعات میں بائیولوجیکل سائنسز کے اساتذہ اور طالب علم اس وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے تحقیق کررہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی۔