اردن، کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے صحتمند بچی کوجنم دے دیا

March 30, 2020

عمان(نیوز ڈیسک) اردن میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا ہے جس کا نام جمان (موتی) رکھا گیا ہے۔اردن کے خبر رساں ادارے عمون کے مطابق کنگ عبداللہ یونیورسٹی اسپتال میں کورونا وائرس میں مبتلا ماں نے ایک بچی کو جنم دیا ہے۔ بچی صحت مند ہے جب کہ ماں بھی تیزی سے روبہ صحت ہے تاہم ابھی دونوں کو علیحدہ علیحدہ رکھا گیا ہے۔اسپتال کی انچارج لیلیٰ علی الضغل نے میڈیا کو بتایا کہ عرب دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا ماں کے یہاں بچے کی پیدائش کا یہ پہلا واقعہ ہے تاہم عالمی سطح پر یہ تیسری بچی ہے۔ ماں اور بیٹی کو 15 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔برطانوی کاؤنٹی ایسیکس میں بھی ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا ہے جن کے شوہر میں کورونا وائرس کی کچھ علامتیں پائی گئی ہیں جب کہ بچی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جس پر ماں کو گھر بھیج دیا گیا اور بچی تاحال اسپتال میں زیر علاج ہے۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا کے 203 ممالک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار 8 سو 34 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 9 سو 57 ہوگئی ہے۔