بلجیم میں 8 فیصد لوگوں میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، ٹیسٹ مثبت آگیا

March 30, 2020

برسلز (حافظ ا نیب راشد) بلجیم میں 8 فیصد لوگ ایسے ہیں جن میں کورونا بیماری کی کوئی ایک بھی علامت نہیں لیکن یہ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ یہ بات دارالحکومت برسلز کے UZ Hospital کے شعبہ ریڈیالوجی نے بتائی۔ برسلز کی Jett کمیون میں واقع فری یونیورسٹی کے ساتھ منسلک UZ ہسپتال کی یہ تحقیق اس وقت سامنے آئی جب ہسپتال نے اپنے اسٹاف کے تحفظ کیلئے ایک غیر معمولی طریقہ اپنایا۔ انہوں نے ہر آنے والے نئے مریضوں کا لنگز اسکین شروع کردیا ۔ ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے پروفیسر جان ڈی مے کے مطابق ہم نے جب 50 مریض سٹی اسکین کئے تو معلوم ہوا کہ ان میں سے 5 کورونا وائرس کا شکار ہو چکے تھے۔ اس کے بعد ان کا دوبارہ عام کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس میں اس بات کی مزید تصدیق ہوگئی لیکن اہم بات یہ تھی کہ ان میں بظاہر بیماری کی کوئی ایک علامت بھی نہیں تھی۔ اس حقیقت کے سامنے آنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے داخل مریضوں کے بھی ترتیب میں کورونا ٹیسٹ شروع کردیئے ہیں تاکہ عملے اور وائرس سے اب تک غیر متاثر مریضوں کی حفاظت کی جا سکے۔ دوسری جانب بلجین فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں 78افراد کوروناوائرس کے سبب ہلاک ہوگئےہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 431ہوگئی ہے ۔ اسی طرح گذشتہ 24 گھنٹے میں 1702 نئے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بلجیم میں کورونا وائرس سے ا ب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 10836 تک جا پہنچی ہے ۔ اسی دوران 629 نئے مریضوں کو ملک کے مختلف ہسپتالوں میں داخل بھی کیا گیا ہے ۔