سی ڈی اے اور ایم سی آئی کا اسلام آ باد میں کیمیکل سپرے

March 30, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے، شہریوں کو اس مہلک وائرس سے متعلق آگاہی اور پورے اسلام آباد میں کیمیکل اسپرے کرنے کیلئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے ساتھ باہم مل کر بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے14افسران و ملازمین ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کر دیئے ہیں تاکہ کورونا وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو موثر بنایا جا سکے۔ ان 14افسران و ملازمین کو ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ میں فوری رپورٹ کرنے کے احکامات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں اور کاروباری مراکز میں کیمیکل اسپرے کرنے کے بعد اس کا دائرہ کار اسلام آباد کے رہائشی سیکٹروں تک پھیلا دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی مل کر یہ اسپرے کر رہے ہیں اور اب تک اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن‘ جی الیون اور ایف ٹین کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اسپرے کا بتایا گیا ہے۔ اسکے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن، آئی ٹین، جی سکس اور جی سیون کے علاوہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی اسپرے جاری ہے۔ کیمیکل اسپرے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شام تک جاری رہے گا۔ مزید برآں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ بھارہ کہو بشمول یونین کونسل ہتھیال میں این ڈی ایم اے اور بحریہ ٹائون کے ساتھ معاونت کر کے کئے جانے والے اسپرے میں مطلوبہ افرادی قوت کے علاوہ تمام سہولیات بہم پہنچا رہی ہے۔ جہاں بحریہ ٹائون کی مشینری پورے علاقے میں جراثیم کش اسپرے کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں کئے جانے والا کیمیکل اسپرے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں واٹر ٹینکر بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج سے متعلق ضروری تربیت بھی دی جا رہی ہے اور اسلام آباد کے شہریوں کو اس مہلک وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جا رہاہے۔