شاہد خاقان کی 4 ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور

March 30, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کی تعیناتی کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 4 ہفتوں کے لیے راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست ضمانت کی سماعت کی ۔

شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نیب نے کراچی میں ایک نیا ریفرنس دائر کر دیا ہے، ہم شاہد خاقان عباسی کی راہداری ضمانت کے لیے آئے ہیں۔

بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں نیب کی جانب سےکوئی سمن بھی موصول نہیں ہوا، میڈیا سےمعلوم ہوا ہے۔

اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تو جہاز بھی نہیں جا رہے۔

بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ہم تو عدالت حاضر ہونا چاہتے ہیں، راہداری ضمانت دی جائے۔