ٹائیگر فورس سیاسی ڈرامہ، ن لیگ کا لوکل گورنمنٹس کی بحالی کا مطالبہ

March 30, 2020

ٹائیگر فورس سیاسی ڈرامہ، ن لیگ کا لوکل گورنمنٹس کی بحالی کا مطالبہ

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے ٹائیگر فورس کو سیاسی ڈرامے قرار دے کر حکومت سے لوکل گورنمنٹس کی بحالی کا مطالبہ کردیا۔

اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ (ن) کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور پارلیمانی ارکان کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر راجا ظفر الحق، سینیٹر پرویز رشید، رانا تنویر، احسن اقبال، خرم دستگیر، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناءاللّٰہ، مریم اورنگزیب، عطاءاللّٰہ تارڑ سمیت دیگر ارکان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کورونا ریلیف فنڈز کی نگرانی اور اس کے منصفانہ استعمال کے لیے پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنائی جائے۔

شرکاء نے مزید کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نظر رکھے کہ بیرون ملک سے امداد اور دیگر کیا سامان آرہا ہے، فنڈز کیسے اور کہاں استعمال ہو رہا ہے۔

ن لیگی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر موجودہ صورتحال میں مجلس قائمہ صحت کا فوری اجلاس طلب کریں۔

ن لیگ نے جسٹس شاکر اللّٰہ سے پی ایم ڈی سی کی سربراہی فوری طور پر سنبھالنے کی درخواست کی اور کہا کہ پی ایم ڈی سی بحال نہ کرکے وزیراعظم عمران خان توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

اپوزیشن جماعت کے پارلیمانی اجلاس میں کہا گیا کہ قوم کورونا وائرس سے لڑرہی ہے جبکہ عمران خان نے صحت کا سب سے بڑا ریگولیٹر معطل کردیا ہے۔

اس موقع پر کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نیازی کی ٹاسک فورس صحت کا شعبہ تباہ کر رہی ہے، ٹائیگر فورس سیاسی ڈرامہ ہے اس کے بجائے لوکل گورنمنٹس بحال کی جائیں۔

ن لیگ نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مفت کیا جائے جبکہ ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں شرکاء نےحکومت کی طرف سے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ذریعے من پسند افراد میں رقوم کی تقسیم کی افسوس کااظہار کیا۔

ن لیگ نے الزام عائد کیا کہ غریب عوام کا نام لے کر غیر منصفانہ پیسے بانٹے جا رہے ہیں، انتظامیہ کے ذریعے اپنے من پسند لوگوں میں رقوم کی تقسیم جاری ہے، عوام کو بچانے، تحفظ دینے اور علاج کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں۔

اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور ان کی ضروریات وفاق تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور دیگر صوبوں کی ضروریات کے لئے چارٹرآف ڈیمانڈ وفاقی حکومت کو پیش کیا، کورونا وائرس سے قوم کی آگاہی کے لئے میڈیا پر قومی مہم چلانے کی تجویز دی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پنجاب کی سطح پر کورونا کی ٹیسٹنگ، اسکریننگ اور علاج کیلئے جامع تجاویز دی گئیں، ہماری مشاورت سے تیار تجاویز پر حکومت عمل کرتی توصورتحال کنٹرول کی جاسکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت انتقام میں اندھی ہے اور ملک کھائی میں جارہا ہے، ایک شخص سیاسی انتقام میں کورونا کے بجائے اپوزیشن، میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے۔