لاک ڈاؤن سخت نہ ہوا تو حالات بگڑ جائیں گے، صاحبزادہ حامد رضا

March 31, 2020

لاہور(وقائع نگار خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہاہے کہ لاک ڈاؤن سخت نہ ہوا تو حالات بگڑ جائیں گے۔سندھ حکومت نے کروناوائرس پر شاندار اقدامات کیے۔مخیرحضرات دل کھول کر حق داروں کی معاونت کریں۔قوم کا ہر فرد کرونا وائرس کےخلاف یکسو ہوکرہدایات پر عمل پیرا ہو۔مشکل وقت میں چین کی مدد کرنا ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔قوم گھروں میں بیٹھ کر مہینوں لاک ڈاؤن ہونے سے خود کو بچاسکتی ہے۔ گندم کی کٹائی کےلئے موسم صاف ہونے کی دعا کی جائے۔بارشوں کا سلسلہ رکے گا تو گندم کی کٹائی ممکن ہوسکے گی۔مصنوعی غذائی قلت پیدا کرنےوالےدشمنی کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم ایم این ایز اور ایم پی ایز سے گھر رہنے کی ترغیب حاصل کرے۔ حکومت راشن کی تقسیم کےلئے موثر اقدامات کرے۔جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی ختم ہوتی ہے وہاں اللہ کی رحمت موجود ہوتی ہے۔ آیت کریمہ ، درود شریف اور نمازوں کی پابندی بندئہ مومن کو ہر آزمائش سے نکال سکتے ہیں۔ اللہ تعالی پر توکل کے ساتھ صحت زندگی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔حکومتی انتظامات حوصلہ افزا ہیں لیکن ابھی بھی بہت کام کی ضرورت ہے۔شرح خواندگی کا کم ہونا ملک کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ قوم کو گھروں پر بٹھانے کا وقت آگیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل ایک بار پھر سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کرتی ہے۔ چند دن تنگی میں رہ کر زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔