بیلجیئم میں کورونا سے 705 افراد ہلاک

March 31, 2020

بیلجیئم میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں ۔ گذشتہ 24گھنٹے کے دوران 12 سالہ بچی سمیت 98 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ اس طرح بیلجیئم میں اس ماہ کے دوران اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 705 ہوگئی ہے ۔

فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق گذشتہ 24گھنٹے کے دوران 876 نئے پازیٹیو کیسسز کے ساتھ بیلجیئم میں ابتک واضح نشاندہی شدہ افراد کی تعداد 12775 تک جا پہنچی ہے ۔ اسی طرح اتوار اور پیر کے درمیانی 24 گھنٹے میں 485 نئے مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ۔

فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے قائم کردہ کرائسسز سینٹر کے مطابق اس وقت کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب مجموعی طور پر 4920 افراد ہسپتالوں میں داخل ہیں ۔

کرائسسز سینٹر کے ترجمان نے مزید بتایا کہ بہت سے تندرست لوگ از دوران یہ سوال کر رہے ہیں کہ ہم تو ٹھیک ہیں، ہم دوسروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ تو میں ایسے لوگوں سے کہوں گا کہ ’اگر کچھ کرنے اور کچھ نہ کرنے کے درمیان ‘ معاملہ ہو تو ہم انہیں کچھ نہ کرنے کا مشورہ دیں گے ۔ کیونکہ اس وقت اس کے پھیلاؤ کو روکنا پہلی ترجیح ہے ۔

علاوہ ازیں برسلز میں موجود بزرگوں کے لئے قائم 146 نرسنگ ہومز میں سے ایک تہائی کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ 53 نرسنگ ہومز میں کوئی نہ کوئی از وائرس کا شکار ہوچکا ہے ۔ ان میں سے 82 لوگ واضح طور پر اور دیگر 218 افراد میں اس کی علامات ہیں ۔

اس دوران تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ بوڑھے افراد کو زیادہ توجہ اور مدد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ لیکن عملہ اس خوف سے دور رہتا ہے کہ کہیں وہ یعنی عملہ خود متاثر نہ ہو اور وہ ان بزرگوں کی موت کی وجہ نہ بن جائے۔