کورونا :ایزی جیٹ نے وائرس کے خدشہ پر طیاروں کا پورا فلیٹ گرائونڈ کر دیا

April 01, 2020

لندن (پی اے) ایزی جیٹ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ پر اپنا طیاروں کا پورا فلیٹ ہی گرائونڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ آپریشنز کب تک دوبارہ شروع ہونگے۔ ایئر لائن نے کہا ہے کہ اس نے یہ قدم عالمی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر حکومتوں کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے باعث اٹھایا ہے۔ اس کی جانب سے پہلے ہی بیشتر پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں اور وہ صرف بیرون ملک پھنسے برطانویوں کو واپس لانے کے لئے ریسکیو پروازیں چلا رہی تھی۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ایک علاقائی ایئرلائن لوگان ایئر نے یہ کہا کہ حکومت کی جانب سے بیل آئوٹ پیکیج کے بغیر ایئرلائنز کی بقا ممکن نہیں رہی۔ لاگان ایئر کے باس جوناتھن ہنکلز نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وبا نے ایئرلائنز پر انتہائی شدید اثرات مرتب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایئر لائن اگر یہ کہتی ہے کہ وہ اس بحران سے خود کو بچا سکتی ہے تو وہ جھوٹ بول رہی ہے۔ ایزی جیٹ نے کہا کہ اس کا کیبن کریو یکم اپریل سے حکومت کی ملازمت برقرار رکھنے کی سکیم کے تحت 80 فیصد تنخواہ کے ساتھ طویل رخصت پر چلا جائے گا۔ ایئر لائن کے باس جان لیونڈ گرین نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے انتھک کوششیں کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزمائش کے ایسے وقتوں میں ایزی جیٹ سے وابستہ لوگوں کی جانب سے بہترین کوششوں پر مجھے انتہائی فخر ہے۔ واضح رہے کہ لندن لیوٹن ایئرپورٹ پر ایزی جیٹ ہیڈکوارٹرز پر 331طیاروں کا فلیٹ ہے، ایئر لائن 159 ایئرپورٹس اور 1051 روٹس پر اپنی سروسز فراہم کرتی ہے۔ مسٹر لیونڈ گرین نے مزید بتایا کہ ایئرلائن نے اپنی آخری ریسکیو فلائٹ29 مارچ کو چلائی تھی اور اب بھی ضرورت پڑنے پر ریسکیو فلائٹس چلاتی رہے گی۔