نوازشریف کو کورونا سے شدید خطرہ، آئسو لیشن میں رہنے کی ہدایت

April 01, 2020

اسلام آباد /لندن(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد میاں محمد نواز شریف کی برطانیہ سے تصدیق شدہ رپورٹس حکومت کو بھیج دی گئی ہیں جس میں ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ان کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کے سبب خود کو آئسولیشن میں رکھیں۔

نواز شریف شوگر، گردوں سمیت دیگربیماریوں میں مبتلا ہیں اور بہتر یہی ہو گا کہ وہ علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہی رہیں کیونکہ ناصرف ڈاکٹرز ان کی صحت سے مکمل طور پر واقف ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہاں صحت کی اعلیٰ سہولتیں بھی میسر ہیں۔

دو صفحات پر مشتمل نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس کی تفتیش کا سامنا کرنے والے نواز شریف کو خرابی صحت کی وجہ سے بیرون ملک علاج کی اجازت دی گئی تھی۔

علاج کیلئے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد حکومت کی جانب مستقل اصرار کیا جا رہا تھا کہ سابق وزیر اعظم جلد از جلد اپنی رپورٹ جمع کرائیں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے نواز شریف کی تازہ ترین رپورٹس حکومت کو ارسال کردی گئی ہیں جس کے تحت مسلم لیگ ن کے قائد کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے آئسولیشن اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لندن کے نوٹری پبلک کے ڈاکٹر چارلس درستان گوتھری کی جانب سے نواز شریف کی رپورٹس کی تصدیق کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور ان پر کورونا وائرس زیادہ جلدی اثرانداز ہوسکتا ہے۔