OICCI کا لاک ڈاؤن میں نرمی، ایکسپورٹرز کو سہولت دینے کا مشورہ

April 01, 2020

اسلام آباد (مہتاب حیدر) اوورسیز انوسٹمنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے وفاقی حکومت اور صوبوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایکسپورٹرز کے ساتھ ساتھ مینوفیکچررز، ٹرانسپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ضروری اشیاء کے ریٹیلرز پر سے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کو دو ر کرنے کیلئے سہولیات فراہم کریں۔ کووڈ 19کے پھیلاؤ کو محدود کرنے
کیلئے صوبوں اور وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات کئے جانے کی حمایت کرتے ہوئے او آئی سی سی آئی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر تجارت عبد الرزاق داؤد کو علیحدہ علیحدہ خطوط لکھ کر لوگوں کی نقل و حرکت اور ضروری اشیاء کی تیار ی میں استعمال ہونے والے خام مال پر مخصوص پابندیوں میں نرمی کیلئے ان کی حمایت طلب کی ہے۔ چیمبر نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشنز میں دی گئی گائیڈ لائنز کی درست تشریح اور مناسب نفاذ کا بھی مطالبہ کیا۔ لوگوں کی بغیر روک ٹوک نقل و حرکت اور ادویات، فوڈ، پٹرولیم، میڈیکل گیسز، سینیٹائزیشن کی اشیاء وغیرہ جیسی صنعتوں کیلئے خام مال یقینی بنانے کیلئے سندھ حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے او آئی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹیشن سروسز، فیکٹریاں اور ڈسٹریبیوشن کی آؤٹ لیٹس جو ان اشیاء کی فراہمی میں شامل ہیں انہیں کھلا رکھا جائے۔