PIA فلائٹ آپریشن جزوی بحال، ایک فلائٹ روانہ دوسری تیار

April 02, 2020

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا فلائٹ آپریشن جزوی بحالی کی طرف گامزن ہوگیا، کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی ایک پرواز لاہور سے ٹورنٹو روانہ ہوگئی جبکہ دوسری کراچی سے روانہ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی دونوں پروازوں کے ذریعے 600 مسافر پاکستان سے کینیڈا کا سفر کریں گے۔

لاہور سے پی کے 789 کینیڈا کے لیے آج صبح روانہ ہوئی ہے، فلائٹ کی روانگی سے قبل مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان سمیت ڈس انفیکشن اسپرے پی آئی اے عملے نے بہت مستعدی سے کیا۔

دوسری جانب کراچی سے پی آئی اے کی کینیڈا کے لیے پرواز پی کے 781 کی روانگی دن 11 بجے کے بعد شیڈول ہے۔

پی آئی اے کی دونوں خصوصی پروازوں کو گزشتہ روز اڑان کے لیے اجازت ملی تھی جس کے بعد ان کی مانیٹرنگ کیلئے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ خود ائیر پورٹ پر موجود ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ کینیڈا سے دونوں پروازیں بغیر مسافروں کے خالی پاکستان واپس آئیں گی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافر دیگر پروازوں کی بکنگ کیلئے پی آئی اے کے دفاتر اور کال سینٹر سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

کورونا احتیاط کے تناظر میں لوگ آن لائن بکنگ اور ٹکٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ ہجوم سے بچا جا سکے۔