یمن، ترکمانستان اور شمالی کوریا میں کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

April 02, 2020

کورونا وائرس سے دنیا کے 200 سے زائد ملک متاثر ہوچکے ہیں لیکن کچھ ملک یا علاقے ایسے بھی ہیں جہاں کورونا وائرس کے ایک بھی کیس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، ان میں انٹارٹیکا وہ واحد برِاعظم ہے جہاں کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

پیسیفک جزیرے توالو، ترکمانستان، یمن اور کچھ افریقی ممالک سمیت 40 ایسے علاقے ہیں جہاں کورونا کے ایک بھی مریض کا اندراج نہیں ہوا ہے، ان میں سے کچھ سیاحتی مقامات، کچھ دور دراز کے علاقے اور کچھ جنگ زدہ ممالک ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق خبروں کی مکمل کوریج

ان علاقوں میں وائرس کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ آبادی کا کم ہونا، الگ تھلگ ہونا، ٹیسٹنگ سہولیات کی کمی یا آمرانہ طرز حکومت ہوسکتی ہے۔

شمالی کوریا میں بھی ابھی تک ایک بھی کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔


دوسری جانب کورونا وائرس سے انتہائی متاثر ممالک میں شامل اسپین میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 950 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ ایران میں کورونا وائرس سے 124 نئی اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 3160 ہوگئی ہے، بیلجیئم میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یورپی ملک اسپین میں کورونا کے سبب بدترین صورتحال ہے، جہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 950 نئی اموات کے بعد تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ہیں، متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

بیلجیئم میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات تین دن میں دو گنا بڑھ گئی ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار 348 ہوگئی ہے۔

ایران میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں 2857 اضافہ ہوا ہے، جہاں مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔