آزاد کشمیر میں کورونا کا پہلا اسپتال قائم

April 03, 2020

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے پہلا اسپتال قائم کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے مظفر آباد کے پہلے آئسولیشن اسپتال کا افتتاح کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کو اسپتال میں کورونا متاثرہ مریضوں کے لیے سہولتوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق جدید مشنری سے لیس آئیسولیشن اسپتال آفیسرز کلب کی نو تعمیر شدہ عمارت میں بنایا گیا ہے جبکہ اسپتال میں 50 بیڈ، 12 آئی سی یو رومز، 10وینٹیلیٹرز اور 30 ڈاکٹروں کی ٹیم موجود رہے گی۔

اِس موقع پر راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ جدید اسپتال میں 50 مریضوں کی گنجائش ہے جو 100 تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

راجا وفاق حیدر نے کہا کہ اسپتال کی صلاحیت جلد 100 بستروں تک لے کر جائیں گے، اُنہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد یہاں دل کا جدید اسپتال بنائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی 3700 لیڈیز ہیلتھ ورکرز مستقل، کورونا ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے اِس نئے اسپتال کو صرف کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے بنایا گیا ہے۔