مراد سعید کا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ

April 04, 2020

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کیا اور لاکھڑا کے کول مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کی مشکلات سے آگاہ کیا۔

گورنر سندھ سے گفتگو کے دوران مراد سعید کا کہنا تھا کہ لاکھڑا کول مائنز کی بندش سے بہت سارے مزدور بے روزگار ہوکر کیمپوں تک محدود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور اپنے علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے، ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی نہیں ہیں۔ ان میں بہت سارے مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ، سوات اور دیر سے ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان مزدوروں کو تنخواہ بھی ادا نہیں کی گئی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مراد سعید کو یقن دہانی کروائی کہ مزدوروں کی مدد کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کمپنی مالکان ان کے بقایا جات پورے ادا کریں۔