میر جاوید رحمٰن نے قلم کی حرمت کو بلندرکھ کر تعمیری صحافت کی، منور حسین جماعتی

April 05, 2020

برمنگھم(ابرار مغل)انجمن خدام الصوفیا انٹرنیشل کے چیئرمین،ورلڈ مسلم فیڈریشن برطانیہ کے ڈائریکٹر ,ختم نبوت گلوبل الائنس کے چیئرمین ،امیر ملت ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین اور آستانہ عالیہ علی پور سیداں کے سجادہ نشین و امیر ملت پیر جماعت علی شاہ کے جانشین صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف و پبلشر میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر جاوید رحمٰن نے اپنے والد میر صحافت میر خلیل الرحمٰن کے صحافتی مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا‘ ان کی وفات سے دلی دُکھ اور صدمہ پہنچا‘انہوں نے اپنے والد، بانی جنگ اخبار اور تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن میرخلیل الرحمٰن مرحوم کے مشن کو بحسن و خوبی آگے بڑھایا‘ وہ اس مشن کو تحریری صحافت سے نشریاتی صحافت تک لے گئے اور ادارے کو ممتاز مقام دلایا‘ انہوں نے اپنے مشن کے دوران پیش آنے والے نامساعد حالات اور مشکلات کامقابلہ جواں مردی سے کیا اور کسی بھی مرحلے پر سودا بازی نہیں کی ،قلم کی حرمت کو بلند رکھ کر مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دیا ،پیر منور حسین شاہ جماعتی نے مرحوم کے صحافتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ گروپ نے عالمی سطح پر اسلام اور پاکستان کے وقار کی بلندی کے لیے قلمی جہاد کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کو اتحاد و یکجہتی اپنانے کے لیے رہنمائی بھی مہیا کی، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو جنگ کے انٹرنیشل ایڈیشنز کے زریعے باخبر رکھ کر ان میں جذبہ حب الوطنی پروان چڑھایا ، انہوں نے کہا کہ جنگ لندن کی اشاعت کے بعد مرحوم سے متعدد بار یاد گار ملاقاتیں بھی ہوئیں، وہ ہمدرد طبعیت کے ملنسار محب الوطن پاکستانی تھے، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمائے،آمین