ملک کے لاکھوں شہری افلاس کے قرنطینہ میں چلے گئے،ضیا عباس

April 05, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ملک کے لاکھوں شہری افلاس کے قر نطینہ میں چلے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر حکومت کی جانب سے مستحق افراد کے گھروں پر راشن نہیں پہنچ رہا ہے، لاک ڈائون وقت کی ضرورت ہے مگر اس صورت حال میں غریب گھرانے جو پہلے ہی غربت کی لکیر پر تھے اب بے بس ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد ملک کی معاشی حالات کے مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے، پوری دنیا پریشانی کا شکار ہیں، ان کے درمیان کورونا وائرس کے حوالے سے الزام تراشی کے سوا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے، حکومت پاکستان اس وائرس کی ویکسین کی تیاری کے لئے چین، امریکا ،برطانیہ اور دیگر ملکوں سے مدد حاصل کرے۔