پی ڈی اے آن لائن کلینک، روزانہ 900مریض اور لوگ رابطہ کر رہے ہیں

April 05, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے آن لائن کلینک سے روزانہ تقریباً400 مریضوں کو آن لائن علاج تجویز اور دیگر 500 افراد کورونا وائرس سے بچائو کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلیم خان کے مطابق مریض اور لوگ ملک اور بیرون ملک سے واٹس ایپ کے ذریعےرابطہ کر رہے ہیں او رڈاکٹرز انہیں علاج اور احتیاطی تدابیر بارے میں بتارہے ہیں ، لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو، حکومتی سہولیات اور قرنطینہ مراکز سے متعلق معلومات بھی دی جارہی ہیں اور انہیں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ترغیب دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل، سرجیکل، آرتھوپیڈک، کارڈیالوجی، چلڈرن ،گیسٹرو انٹرا لوجی، پبلک ہیلتھ ، امراض نسواں، گردوں، جگر اور پتہ کے ماہرین سمیت دیگر ڈاکٹرز آن لائن کلینک سے مریضوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں ، مریض واٹس اپ نمبر 0344-1005478پر شام پانچ سے آٹھ بجے تک طبی مشورے یا علاج اور عام لوگ رہنمائی کے لئے 24 گھنٹے رابطہ کرسکتے ہیں، کلینک کے ذریعے صحت سے متعلق مسائل بھی حکام تک پہنچائے جارہے ہیں عوام مصیبت کی اس گھڑی میں گھروں پر رہیں انہیں گھروں ہی میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی سب نے ملکر کورونا کو شکست دینی ہے۔