کورونا کے باعث کراچی میں 14ویں روز بھی لاک ڈاؤن جاری رہا

April 05, 2020

کورونا وائرس کے باعث شہر کراچی میں 14ویں روز بھی لاک ڈاؤن جاری رہا، پولیس اور رینجرز نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر غیرضروری نکلنے والوں کی حوصلہ شکنی جاری رکھی۔

شہر میں کاروبار بند ہے سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے دوسری جانب دیہاڑی پر کام کرنے والے مزدوروں کو ان حالات میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ مخیرحضرات کی جانب سے راشن کی ترسیل کا کام بھی جاری ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ضروری ہے، اس مقصد کے لیے پولیس اور رینجرز نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر سخت چیکنگ کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، غیر ضروری طور پر نکلنے والے افراد کو واپس کرکے حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

کراچی میں معمول کا کاروبار زندگی بند ہے، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ترغیب دی جارہی ہے جبکہ دیہاڑی پر کام کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کے گھروں میں کھانے کی اشیا ختم ہیں جبکہ بے شمار کرایہ داروں کو چھت چھن جانے کا بھی خوف ہے۔

چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بھی ذریعہ آمدنی نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے سیاسی جماعتیں، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات راشن کی تقسیم کے کام میں مصروف ہیں۔

ان حالات میں ضرورت مند لوگوں کو جانچنا اور ان کی مدد کرنا ضروری ہے تاکہ سفید پوشی کا بھرم بھی رہ جائے اور مدد بھی ہوجائے۔