بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل سروسز بحال

April 08, 2020


ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کےدو روز کے بائیکاٹ کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل سروسز بحال ہوگئیں۔

ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کی جانب سے بائیکاٹ ختم ہونے کے بعدسنڈیمن صوبائی اور بولان میڈیکل کمپلکس سمیت تمام اسپتالوں میں سروسز بحال ہوگئی ہیں ، ڈاکٹرز و پیرامیڈکس ڈیوٹی پر پہنچ گئے ہیں اور مریضوں کو خدمات کی فراہمی شروع کردی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس نے دو روز قبل مطالبات تسلیم کئے جانے تک سرکاری اسپتالوں میں سروسز کا بائیکاٹ کر دیا تھا ، ان کےمطالبات میں احتجاج کے دوران تشدد اور گرفتاریوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی، حفاظتی کٹس اور سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔

گزشتہ رات صوبائی حکومت سے کامیاب مذاکرات کےبعد ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس نے بائیکاٹ ختم کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی کی سربراہی میں حکومتی وفد نے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔۔