رقم کی تقسیم بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ہوگی، ثانیہ نشتر

April 08, 2020

رقم کی تقسیم بائیومیٹرک تصدیق کے بعد ہوگی، ثانیہ نشتر

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام شفافیت پر مبنی ہے، جس کا تمام صوبے حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں رقم کی تقسیم انسانی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوگی کیونکہ اس کا سسٹم خود کار ہے، رقم بائیومیٹرک کے بعد نکلے گی، جس کی تصدیق نادرا سے کروائی جائے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے پورے ملک میں1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں 12ہزار روپے فی کس کے حساب سے رقم تقسیم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حقداروں کی نشاندہی کے لیے پہلا مرحلہ ایس ایم ایس کا ہے، اس کے بعد مختلف مرحلوں سے شناختی کارڈ کی تصدیق ہوگی۔

ثانیہ نشتر نے یہ بھی کہا کہ احساس پروگرام میں ایک گھر سے ایک شخص رجسٹرڈ ہوگا، جس کا نیٹ پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے، جس پر رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے۔