دنیا بھرمیں کورونا سے 87 ہزار سے زیادہ اموات

April 09, 2020

دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 87 ہزار سے اوپر چلی گئی جبکہ مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 81 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق صرف یورپ میں 60 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جاچکے، اسپین میں وائرس نے مزید 628 زندگیاں چھین لیں اور ایک لاکھ 46 ہزار مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ اموات 14 ہزار 700 کے قریب پہنچ گئیں۔

اٹلی میں بھی 542 لوگ جان سے گئے، فرانس میں 541، بیلجیئم میں 205، نیدر لینڈز میں 147 اموات سامنے آئی ہیں۔

برطانیہ میں کورونا سے 938 افراد موت کا شکار بن گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار سے اوپر چلی گئی اور 60 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

بھارت میں مزید 400 مریض سامنے آنے کے بعد تعداد 5 ہزار 750 ہو گئی اور پاکستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 208 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 ہزار 187 ہو گئی ہے۔

ایران میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 121 افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی۔

دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ سے بڑھ گئی۔