لانڈھی میں پٹری پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے نوجوان ہلاک

April 21, 2020

کراچی کے علاقے لانڈھی کی بھینس کالونی کے علاقے پیرانو گوٹھ کے قریب ریل کی پٹری پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق لانڈھی بھینس کالونی کے روڈ نمبر 12 پر واقع کچی آبادی پیرانوں گوٹھ کا رہائشی 20 سالہ نوجوان کاشف ارشاد شام ساڑھے چھ بجے گوٹھ کے قریب مرکزی ریلوے لائن پر بیٹھا موبائل فون سے ٹک ٹاک بنا رہا تھا کہ کراچی سے حیدر آباد جانے والی لوکل ٹرین کی زد میں آگیا۔

ریلوے پولیس کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں کاشف شدید زخمی ہوا، جسے اس کے ساتھی موٹر سائیکل پر اسپتال لیکر پہنچے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد میت اس کے بھائی دلشاد کے حوالے کردی ہے۔ لانڈھی ریلوے پولیس کے مطابق ٹک ٹاک بنانے کے حوالے سے اہل خانہ نے کوئی رپورٹ تو درج نہیں کرائی، لیکن اس کے ہمراہ آنے والوں نے زبانی بیان میں بتایا کہ ٹرین کو دیکھ کر موبائل فون ویڈیو بنانے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔