وزیرِ اعظم نے چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا

May 02, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا، اس موقع پر انہوں نے کورونا کے باعث بے روزگار ہونے والوں کی رجسٹریشن اور مالی مدد کےلیے ویب سائٹ کا اجراء بھی کیا۔

مذکورہ ویب پورٹل پر کورونا وائرس کی وباء کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد رجسٹر ہوسکیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ احساس کیش پروگرام کی طرح بے روزگاروں کو بھی رقم دیں گے، متاثرہ افراد کو تفصیل دینی ہوگی کہ وہ کہاں کام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ویب سائٹ پر اندراج میں مشکل ہو وہ کسی کی مدد لیں، ٹائیگر فورس لوگوں کے ویب سائٹ پر اندراج میں مدد کرے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ نیویارک نے بھی تعمیرات کی صنعت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، لاک ڈاؤن کے منفی اثرات اتنے زیادہ ہیں کہ امیر سے امیر حکومت بھی اسے برداشت نہیں کر سکتی۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم کی نوجوانوں کو کتاب پڑھنے کی تجویز

انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی صنعت کو کبھی ملکی تاریخ میں اس طرح فائدے نہیں ملے، پورے خطے میں پٹرول اور ڈیزل کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کے ساتھ تمام اشیاء کی قیمتیں نیچے آنی چاہئیں، انتظامیہ کو ہدایت کر دی ہے کہ قیمتیں نیچے لائی جائیں۔