ازبکستان تجارت میں اضافے کا خواہش مند ہے، رزاق داؤد

May 08, 2020

وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ انہوں نے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم سے وڈیو کانفرنس پر بات کی ہے، ازبکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان 25 فیصد تجارتی اضافے کو برقرار رکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ازبکستان دوا سازی، ٹیکسٹائل، آم، آلو اور دیگر سبزیوں و پھلوں کی پاکستان سے درآمد میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان نے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک نےتجارت و سرمایہ کاری پر مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد از جلد بلانے پر اتفاق ہوگیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے برآمد کنندگان سے اپیل کی کہ وہ ازبکستان کی طرف توجہ دیں، جہاں تجارت کے بہت سے مواقع موجو دہیں۔