بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی میں بیکرز اور پکوان ہائوس کو جرمانہ

May 19, 2020

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص و غیر معیاری خوراک کے تدارک اور عوام کو محفوظ اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کاروائیاں جاری ہیں، بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں کاسی روڈ، پٹیل روڈ،جان محمد روڈ اور خدائیداد روڈ میں معائنہ کے دوران پانچ سے زائد بیکرز اینڈ بیکنگ یونٹس اور ایک پکوان ہاؤس پر جرمانہ عائد کردیا۔ ، بیکنگ پلانٹس کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال، اسٹوریج و بیکنگ ایریا میں گندگی،حشرات کی موجودگی، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے جبکہ پکوان ہاؤس کے کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات اور نان فوڈگریڈ کلرز سمیت دیگر غیرمعیاری غذائی اجزاء کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے علاقوں میں موجود جنرل سٹورز،ملک شاپس ،ہول سیل ڈیلرزاور میٹ شاپس کے معائنےکے دوران متعدد مراکز سے زائد المیعاد اشیاء اور ممنوعہ و مضرصحت چائنیز نمک اور اور گٹکا پان پراگ قبضہ میں لے کر تلف کر دیا جبکہ دو ملک شاپس سے دودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے گئے ۔فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کرتے ہوئے مراکز مالکان کو غذائی اشیاء کے معیار و تیاری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق یقینی بنانے و صفائی کے نظام پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی جبکہ اس حوالے سے انہیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ خصوصی ہدایت نامہ بھی جاری کئے گئے۔