60 تارکین وطن کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے: مراد علی شاہ

May 19, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ 14، 15 اور 16 مئی کو واشنگٹن، مسقط اور جدہ سے آنے والے 792 تارکین وطن میں سے 60 کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ 17 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔

مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان میں بتایا کہ صوبے بھر میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 19 مریض انتقال کر گئے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں 19 مارچ کو کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی اور آج اموات کی تعداد 299 ہے جو سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 135 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 34 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، اللّہ پاک انکو جلد صحت عطا کرے۔

سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3803 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 706 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اب تک 131376 ٹیسٹ کے نتیجے میں 17947 مریض ظاہر ہوئے، اس وقت 12907 مریض زیرعلاج ہیں، 11373 گھروں میں، 819 مراکز پر اور 715 اسپتالوں میں ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج 252 مزید مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، اس طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4741 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 706 میں سے 558 نئے مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے، ضلع جنوبی میں 134، شرقی میں 131، وسطی میں105، ضلع غربی میں 72، ملیر اور کورنگی میں 58-58 مزید کیسز ظاہر ہوئے۔

سندھ کے دوسرے شہروں کا احوال بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں 20، لاڑکانہ میں 16 اور قمبر-شہدادکوٹ میں 12، جام شورو میں 10، شکارپور اور سکھرمیں 6-6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خیرپور میں 5، جیکب آباد میں 4 ، میرپورخاص اور سانگھڑ میں 3-3، دادو، گھوٹکی، کشمور میں 2-2 جبکہ بدین، ٹنڈو الہیار، نوشہرو فیروز میں ایک ایک کیس ظاہر ہوئے۔