شاہد آفریدی کا طیارہ حادثے کے مقام کا دورہ

May 23, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی میں طیارہ حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ یہاں لوگوں کا غم بانٹنے آئے تھے، میرے پاس بالکل الفاظ نہیں، دیکھنے آیا تھا کہ میں اور میری فاؤنڈیشن یہاں کے لوگوں کے لئے کیا کر سکتی ہے۔ دعا ہے ﷲ تعالیٰ دنیا سے جانے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ جن گھروں میں کل تک آنے والے مہمانوں کا اہتمام ہو رہا تھا، اب وہاں جانے والوں کی تدفین کا انتظام ہو رہا ہے۔ انسان کی حقیقت بس اتنی سی ہے۔

رات گئے شاہد آفریدی نے تصویر شیئر کی ہے جس میں جائے حادثہ پر سیکورٹی اہلکار اور ریسکیو ورکرز موجود ہیں۔

گزشتہ روز لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو حادثہ پیش آیا، جس میں 90 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے حادثے کا شکار ہوئی۔