چین، دفاعی بجٹ میں 6.6 فیصد اضافہ، 178 ارب ڈالر مختص

May 23, 2020

بیجنگ(اے ایف پی) کورونا وائرس کے عالمی معیشت پر منفی اثرات کے بعد چین نے رواں سال غیر متوقع طور پر معاشی ترقی کی شرح کا ہدف طے نہیں کیا تاہم سالانہ دفاعی بجٹ کیلئے 178 ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے بجائے روزگار اور بہتر معیار زندگی کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چین کے مالیاتی خسارے میں 140ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جو کہ جی ڈی پی سے 3.6فیصد زیادہ ہے۔وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو اضافی خرچے کم کر کے فنڈز کا بہتر استعمال کرنا ہوگا۔چین نے گزشتہ سال دفاعی اخراجات میں 7.5فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 2018میں چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے تین سالوں میں دفاعی اخراجات میں 8.1 فیصد کا اضافہ کرے گا۔