آسٹر یلوی حکومت برطانیہ میں قرنطینہ سے استثنیٰ کی خواہش مند

May 24, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ )آسٹریلیا نے برطانیہ میں کورونا وائر س سے بچائو کیلئے متعارف کرائے جانیوالے نئے قوانین سے استثنیٰ لینے کیلئے دباؤبڑھانا شروع کر دیا ہے برطانیہ پہنچنے والے آسٹریلین باشندوں سمیت تمام تارکین وطن کو سفر کے بعد 14یوم کیلئے سیلف آئسولیشن میں رہنے کا قانون متعارف کرایا گیا ہے جس کی خلاف ورزی کر نےوالوں کو ایک ہزار پونڈ تک جرمانے کا سامنا کرناپڑتا ہے بھاری بھر کم جرمانوں سے شہریوں کو بچانے کیلئے آسٹریلیا اس معاملے پر استثنیٰ لینے کا خواہشمند ہے تاہم برطانیہ مہلک بیماری کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے ائیر پورٹس پر خود کار سسٹم کے ذریعے اسکریننگ اور سیلف آئسولیشن کے فارمولے پر سختی سے عمل درآمد کرانے کیلئے بھر پو ر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔ لاری ڈرائیوروں ‘ پھل چننے والوں اور این ایچ ایس کے کارکنان کیلئے مذکورہ قوانین میں نرمی رکھی گئی ہے تاہم بندرگاہوں ‘ ہوائی اڈوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والے دیگر تمام مسافروں کیلئے پندرہ یوم کیلئے خو دکو قرنطینہ کرنے کی پابندی نافذ العمل ہے اور ایسا کرنے سے انکار کرنیوالوں کو برطانیہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیرونی ممالک سے چھٹی پر واپس برطانیہ پہنچنے والے شہریوں کو بھی اس قانون کے تحت قرنطینہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شمالی آئرلینڈ کے حکام نے بھی برطانوی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اگر ملک سے باہر جاتے ہیں تو واپسی پر انہیں بھی قرنطین رکھا جا ئے گا اور اس دوران کسی بھی قسم کی وائرس علامت ظاہر ہونے پر انکا علاج معالجہ کیا جا ئے گا۔