ویرات کوہلی آف فیلڈ دوست، آن فیلڈ بدترین دشمن تھے: شعیب اختر

May 24, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے حوالے سے کہا کہ وہ آف فیلڈ بہترین دوست جبکہ آن فیلڈ بدترین دشمن ہیں۔

بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر سے لائیو ویڈیو کاسٹ پر بات چیت کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ویرات کوہلی ان کے بہترین دوست ہیں کیونکہ ہم دونوںکا ہی تعلق پنجابی فیملی سے ہے اور ہم دونوں ہی ایک جیسے مزاج کے حامل ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ویرات ان سے بہت زیادہ جونیئر ہیں لیکن وہ پھر بھی ان کا دل سے احترام کرتے ہیں۔

اس سے قبل سابق اسپیڈ اسٹار نے کوہلی کو آؤٹ کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میں بولنگ کر رہا ہوتا تو کریز پر وسیع تر جاتا اور گیند کو کوہلی تک باندھ دیتا اور اسے ڈرائیو کرنے کے لیے اس سے دور کردیتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ کام نہیں کرتا تو میں اسے 150 کی اسپیڈ سے بولنگ کرواتا جسے وہ کھیلنے باہر جاتا اور آؤٹ ہوجاتا۔

شعیب اختر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو جدید دور کا بریڈمین بھی قرار دے چکے ہیں۔