یاسر نواز اور ندا میں کورونا کی تصدیق

May 25, 2020

پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار و پرڈیوسر یاسر نواز اوراُن کی اہلیہ و میزبان ندا نے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کر دی۔

حال ہی میں ندا یاسر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی اور شوہر کے ہمراہ تصویر اور بوم رینگ ویڈیو شیئر کی۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو اور تصویر کے ساتھ ندا نے اِس بات کا انکشاف کیا کہ وہ اپنے شوہر یاسر نواز اور بیٹی سمیت کورونا کا شکار ہوگئی ہیں۔

ندا یاسر نے کہا کہ’اللّہ کا شکر ہے کہ ہم سب ٹھیک ہیں لیکن میرا، میرےشوہر اور ہماری بیٹی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ہم سب نے قرنطینہ اختیار کرلیا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے بیٹوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ کے فضل سے میرے بیٹوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔‘

ندا یاسر نے اپنے مداحوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ سب ہماری جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں۔‘

دوسری جانب یاسر نواز نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اُن کی صحتیابی کے لیے دُعا کی اپیل کی۔


یاد رہے کہ یاسر نواز ، علیزے شاہ اور نعمان سمیع کا ایک نجی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل سے ڈرامہ ’میرا دل میرا دشمن ‘ نشر کیا جارہا ہے اور یہ تمام فنکار اُسی ڈرامےکی تشہیر کے لیے ندا کے مارننگ شو میں مہمان کے طور پر آئے تھے جس کے بعد ندا، یاسر نواز اور اُن کی بیٹی کورونا کا شکار ہوگئے ۔