طیارہ حادثہ نے عید کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے،حافظ نعیم

May 27, 2020

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کراچی کی روایتی عید ملن یکم شوال کوادارہ نورحق میں منعقد ہوئی۔عید ملن ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباکے پیش نظراحتیاطی تدابیر اختیار رکھتے ہوئے غیر رسمی رکھی گئی جس میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور دیگر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔عید ملن میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امیر کراچی راجا عارف اسلطان،ڈپٹی سکریٹریز کراچی راشد قریشی،یونس بارائی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈپٹی سکریٹریزاقبال چوہدری، صہیب احمد، ایڈیٹر روزنامہ جسارت مظفر اعجاز،معروف صحافی واجد انصاری ودیگر رہنماؤں، ذمہ داران اور کارکنان شریک ہوئے اور عید کی مبارکبا د دی۔عید ملن صبح 11بجے سے ایک بجے تک جاری رہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے سانحہ طیارہ کے شہداء اور کورونا وائرس سے شہید ہونے والے تمام افراد کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔حافظ نعیم الرحمن نے عید ملن کے موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل وطن اورپور ی امت مسلمہ کو عید مبارک، طیارہ حادثہ نے عید کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے،پوری قوم کو غمگین کردیا ہے۔طیارہ حادثہ حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ کی نااہلی ہے جس پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔