ناکے ختم کرکے ڈرونز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کریں، فواد چوہدری

May 27, 2020

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ناکے ختم کریں اور ڈرونز اور کیمرا ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت دکھ ۔۔ اس لیے میں کتنی بار کہہ چکا ہوں کہ ناکے ختم کریں اور ڈرونز اور کیمرا ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔‘

فواد چوہدری نے لکھا کہ ’ناکوں پر کھڑے جوان سب سے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں، ہمیں فوری طور پر ناکوں کو جدید کرنا ہو گا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ رات ترنول کے علاقے 26 نمبر چونگی ناکہ پر تعینات جوانوں پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ASI محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیل محمد سجاد شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس کے بعد شہید ہیڈ کانسٹیل محمد سجاد کے جسدے خاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کا کہنا ہے کہ شہید اے ایس آئی محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیل محمد سجاد کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔