عید کے بعد احساس ایمرجنسی کیش مراکز کھل گئے

May 28, 2020

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سماجی تحفظ ڈویژن کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے بعد احساس ایمرجنسی کیش مراکز کھل گئے۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سماجی تحفظ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احساس لیبر پورٹل پر درخواستوں کی وصولی 25 مئی کی رات 11بج کر 30 منٹ کو بند ہو چکی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احساس لیبر پورٹل پر 48 لاکھ 79 ہزار 730 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، کورونا ریلیف فنڈ کی مد میں فنڈز وصولی کا عمل بھی جاری ہے۔

سماجی تحفظ ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 113 ارب 16 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، 92 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد میں یہ رقم تقسیم کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 48 ارب 49 کروڑ روپے، سندھ میں 34 ارب 39 کروڑ روپے، خیبر پختون خوا میں 21 ارب 9 کروڑ روپے، بلوچستان میں 5 ارب 24 کروڑ روپے، آزاد جموں و کشمیر میں ایک ارب 74 کروڑ روپے، گلگت بلتستان میں 77 کروڑ روپے سے زائد رقم اور اسلام آباد میں 41 کروڑ روپے سے زائد رقم مستحقین میں تقسیم کی گئی۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سماجی تحفظ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق پہلی کیٹیگری میں احساس کفالت صارفین شامل ہیں، جس کے تحت 55 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: احساس پروگرام، مستحقین میں 91 ارب کی تقسیم

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دوسری کیٹیگری میں صارفین کی نشاندہی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کی گئی، جس کے تحت 38 ارب 18 کروڑ تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تیسری کیٹیگری کے تحت 18 ارب 72 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے، اگلے ہفتے سے انگلیوں کے نشانات والے افراد کو ادائیگیاں شروع کی جائیں گی۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سماجی تحفظ ڈویژن کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن افراد کے فوت ہونے والے سربراہ کے نام ادائیگیوں میں آئے ہیں ان کے لیے طریقہ کار آئندہ ہفتے وضع کیا جائے گا۔