اداکار نوید رضا نے کورونا ہونے کی تصدیق کردی

May 28, 2020

نجی انٹرٹینمنٹ چینل کے ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ کے اداکار نوید رضا نے کورونا کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ساتھی اداکاروں کو کورونا کی علامات سے آگاہ کردیا۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار نوید رضا نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ اداکاروں کے لیے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’میری اِس ویڈیو کا مقصد یہ ہے کہ میں اپنے ڈرامہ سیریل کے ساتھی اداکاروں کو خود میں ظاہر ہونے والی کورونا علامات سے آگاہ کر سکوں۔‘

نوید رضا نے کہا کہ ’پہلے دن مجھے سر اور جسمانی درد کے ساتھ پانی کی کمی محسوس ہوئی جبکہ اُس کے اگلے دن مجھے بخار کے ساتھ ہی کمزوری بھی محسوس ہونے لگی لیکن اِس کے ساتھ نہ مجھے فلو ہوا اور نہ ہی گلا خراب ہوا۔‘

اداکار نے بتایا کہ ’تیسرے دن بھی میرے یہ ہی حالت رہی اور اُس کے بعد میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا۔‘

نوید رضا نے اپنے ویڈیو پیغام میں ہدایتکار، پوڈیوسرز اور دیگر اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ شوٹنگ کے لیے سیٹ پرجاتے ہیں تو براہِ مہربانی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں کیونکہ ہم ہی ایک دوسرے کو اِس وائرس سے بچا سکتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار و پرڈیوسر یاسر نواز اوراُن کی اہلیہ و میزبان ندا نے بیٹی سمیت کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ندا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ ’اللّہ کا شکر ہے کہ ہم سب ٹھیک ہیں لیکن میرا، میرےشوہر اور ہماری بیٹی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ہم سب نے قرنطینہ اختیار کرلیا ہے۔‘


اُنہوں نے اپنے بیٹوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ کے فضل سے میرے بیٹوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔‘

واضح رہےکہ یاسر نواز ، علیزے شاہ، نعمان سمیع اور نوید رضا کا ایک نجی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل سے ڈرامہ ’میرا دل میرا دشمن ‘ نشر کیا جارہا ہے اور یہ تمام فنکار اُسی ڈرامےکی تشہیر کے لیے ندا کے مارننگ شو میں مہمان کے طور پر آئے تھے جس کے بعد اُس ڈرامہ سیریل کی پوری کاسٹ کورونا کا شکار ہوگئی۔